سوال نمبر : نماز باجماعت کی کیا فضیلت ہے؟
جواب : باجماعت نماز واجب ہے۔ بلاشرعی عذر کے جماعت چھوڑ دینا سخت گناہ ہے، نماز باجماعت کی بہت فضیلت ہے۔
امام بخاری اور امام مسلم رحمہم اﷲ دونوں نے اس حدیث کو نقل کیا۔ حضرت عبداﷲ ابن عمر رضی اﷲ عنہما سے مروی ہے کہ نبی پاکﷺ نے فرمایا: نماز باجماعت تنہا نماز سے 27 درجے بہتر ہے۔
مکاشفۃ القلوب صفحہ نمبر 558 پر امام غزالی علیہ الرحمہ حدیث شریف نقل فرماتے ہیں کہ حضور کریمﷺ نے ارشاد فرمایا: جس نے نماز باجماعت ادا کی، پس گویا اس نے اپنے سینے کو عبادت سے بھرلیا۔
مکاشفۃ القلوب میں امام غزالی علیہ الرحمہ صفحہ نمبر 558 پر ایک دوسری حدیث نقل فرماتے ہیں کہ سرور کونینﷺ نے بعض لوگوں کو چند نمازوں میں جماعت میں نہ دیکھ کر فرمایا۔ میرا یہ ارادہ ہو اکہ میں کسی آدمی کو نماز پڑھانے کا حکم دوں اور ان لوگوں کے یہاں جائوں جو جماعت سے رہ گئے ہیں اور ان کو اور ان کے گھروں کو جلادوں۔
اس حدیث شریف سے وہ لوگ نصیحت حاصل کریں جنہوں نے گھر پر نماز پڑھنے کی عادت بنالی ہے۔خاص طور پر نماز فجر کے لئے وہ مسجد نہیں آتے۔ ایسے لوگ اﷲ تعالیٰ اور اس کے رسول کو ناراض کررہے ہیں۔
واﷲ تعالیٰ اعلم
