روزہ کیا ہے اور اس کے کیا فوائد ہیں؟
سوال نمبر 35: روزہ کی حقیقت و اہمیت نیز روزہ رکھنے کے فوائد اور نہ رکھنے کے نقصانات کیا ہیں؟ (سائل: محمد شعیب، چونا بھٹی کراچی)
جواب : سب سے پہلے روزہ کی تعریف سماعت فرمائیں۔
صبح صادق سے غروب آفتاب تک اﷲ تعالیٰ کی رضا کے حصول کے لئے کھانے، پینے اور جماع (صحبت) سے رکنے کو روزہ کہتے ہیں۔
روزہ کی فضیلت:
شعب الایمان پانچویں جلد باب فضائل الصوم صفحہ نمبر 206 پر حدیث شریف نقل ہے کہ حضرت سہل بن سعد رضی اﷲ عنہ سے مروی ہے کہ نبی پاکﷺ نے ارشاد فرمایا: کہ جنت کے آٹھ دروازے ہیں۔اس میں ایک دروازے کا نام ریّان ہے اور اس میں سے فقط روزے دار داخل ہوں گے۔
روزہ رکھنے کے فوائد اور نہ رکھنے کے نقصانات دنیا و آخرت دونوں میں پائے جاتے ہیں۔
روزہ رکھنے کا دنیاوی فائدہ یہ ہے کہ انسان کو نفس پر قابو حاصل ہوتا ہے اور وہ اس غلبہ کی وجہ سے کئی قسم کے گناہوں سے محفوظ رہتا ہے جو دنیا میں اس کی بدنامی کا سبب بن سکتے ہیں جبکہ جو شخص روزہ نہیں رکھتا، اس کا نفس اس پر غالب ہوجاتا ہے اور پھر وہ ان افعال میں مصروف ہوجاتا ہے جو دنیا میں اس کی بدنامی کا سبب بنتے ہیں اورآخرت میں بھی رسوائی کا ذریعہ ہے۔
٭ روزہ ایسی عبادت کہ اس کی جزا رب عطا فرمائے گا:
امام ابن ماجہ کتاب الصیام میں حدیث نقل فرماتے ہیں۔ حضرت ابو ہریرہ رضی اﷲ عنہ سے مروی ہے کہ رسول پاکﷺ نے فرمایا کہ بنی آدم کے ہر عمل کا بدلہ دس گنا سے لے کر سو گنا تک اﷲ تعالیٰ کی منشاء کے مطابق دیا جاتا ہے لیکن روزے کے بارے میں اﷲ تعالیٰ کا ارشاد ہے کہ روزہ میرے لئے ہے اور اس کی جزا میں دوں گا کیونکہ روزہ دار نے اپنی خواہشات اور کھانے کو میری رضا کے لئے چھوڑا ہے۔ روزے دار کے لئے دو خوشیاں ہیں۔ ایک افطار کے وقت اور دوسری اپنے رب سے ملاقات کے وقت اور روزے دار کے منہ کی بو رب تعالیٰ کو مشک سے زیادہ عزیز ہے۔
روزہ نہ رکھنے کے نقصانات بہت زیادہ ہیں۔ بلا شرعی عذر روزہ چھوڑنے کا سب سے بڑا نقصان یہ ہے کہ حق تعالیٰ ناراض ہوتا ہے۔ کوئی مسلمان نہیں چاہے گا کہ اس کا رب اس سے ناراض ہو لہذا کوشش کریں کہ سردی ہو، گرمی ہو، ہر موسم میں اﷲ تعالیٰ کی رضا کے لئے روزے رکھیں۔
#Ramazan #Roza #Ruza #Askmufti #Question #Answer #Sawal #Jawab
